!!! محبت کا بیلٹ باکس
پاکستان کے ایک پولنگ اسٹیشن میں ووٹر بیلٹ باکس میں ووٹ ڈال رہا ہے
ووٹ کی پرچی پر مہر لگتی ہے. دلوں کی کیفیت پر نہیں۔
وطن سے محبت بے شک ایمان کا حصہ ہے. مگر ریفرنڈم کے بیلٹ پر محبت تولنے سے پہلے سوال بھی صاف ہونا چاہیے۔ 19 دسمبر 1984 کو جنرل ضیاء الحق نے اسلامائزیشن کے عمل اور اپنے اقتدار کے تسلسل کو ایک ہی سوال میں باندھا۔ سوال میں دین بھی تھا، سیاست بھی اور جواب میں سرکاری طور پر ایسی محبت برسی کہ اختلاف کی آواز کہیں سنائی ہی نہ دی۔
پھر 30 اپریل 2002 کو جنرل پرویز مشرف نے پانچ سال صدر رہنے کے لیے عوام سے پوچھا۔ سوال نسبتاً سیدھا تھا؛ فضا متنازع۔ حزبِ اختلاف نے بائیکاٹ کیا، بے ضابطگیوں پر اعتراض اٹھے، اور سرکاری اعداد بھی اختلاف سے بالاتر نہ رہے۔ دونوں صندوقوں کے سرکاری جواب بڑی محبت تھے۔مگر بیلٹ پر «ہاں» لکھ دینا دلوں کے حال کی سند نہیں۔
ریاست محبت مانگتی نہیں انصاف کر کے کماتی ہے۔
اب نئے صوبوں کا فیصلہ عوام سے پوچھنا ہے تو سوال بھی نئے زمانے کا ہو: کیا آپ چاہتے ہیں بہتر انتظام، مقامی اختیار، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور جواب دہ حکومت؟ نقشہ کھینچنے سے پہلے حقوق، اخراجات اور آئینی راستہ سامنے رکھیے۔ نہ لفظوں پر دین کی چادر، نہ وعدوں پر ترقی کا پردہ—صاف سوال، سب کے لیے یکساں ضابطہ، اور ایسا ووٹ جس پر ہر شہری بھروسا کر سکے۔
صندوق کے سامنے عوام سے پوچھنا ہے تو جواب بھی عوام کا ہو، اور سوال بھی عوام کی سمجھ میں آنے والا۔ ورنہ یہ ریفرنڈم نہیں ۔پرانی کہانی کا نیا سرورق ہے۔
0 Comments